جموں//
جموں شہر میں پولیس نے پیر کو ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ایک بدنام زمانہ مجرم سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے پستول، زندہ کارتوس اور ایک تیز دھار چاقو برآمد کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، پولیس کی ایک ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران فورتھ برج کے قریب ایک سکوٹی کو روکا۔ تلاشی کے دوران سکوٹی پر سوار دو افراد سے مشکوک اشیاء برآمد ہوئیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت انیکت موٹّن عرف ببّلو ساکن بشناہ اور اس کے ساتھی انیکت دتہ ساکن بکشی نگر کے طور پر ہوئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ببّلو کے قبضے سے ایک پستول اور زندہ کارتوس جبکہ اس کے ساتھی کے قبضے سے ایک تیز دھار چاقو برآمد کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران، دونوں نے اعتراف کیا کہ وہ شہری علاقے کے ایک بدنام حریف کو قتل کرنے کی نیت سے جا رہے تھے اور اس کی وجہ ذاتی دشمنی بتائی گئی۔
پولیس کے مطابق، انیکت ببّلو کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے کیونکہ وہ گریٹر کیلاش ڈکیتی کیس میں بالواسطہ طور پر ملوث پایا گیا ہے ۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ نوآباد میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جموں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور عوام کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔