جموں//
جموں کے گھروٹہ علاقے میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔
فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی۔
پولیس کے مطابق۲۰؍اور۲۱؍اپریل کی درمیانی شب گھروٹہ علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف وہراس کا ماحول پھیل گیا۔
ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ ایس ایچ او گھروٹہ انسپکٹر سنیل شرما کی قیادت میں پولیس ٹیم نے تفتیش کے دوران تکنیکی نگرانی اورہیومن انٹیلی جنس کا استعمال کرتے ہوئے تین مشتبہ افراد کی شناخت کرکے بعد ازاں انہیں گرفتار کیا ۔
گرفتار شدگان کی شناخت موہن سنگھ ولد بوا دتہ ساکن مرجالی، سنتوخ سنگھ ولد سندور سنگھ ساکن رتی چھپری برن، اور بہادر سنگھ ولد چین سنگھ ساکن بومل، تحصیل اکھنور کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان تینوں افراد نے شادی کی تقریب کے دوران پستول اور ریوالور سے کئی منٹوں تک ہوائی فائرنگ کی۔ تفتیش کے دوران ہتھیار برآمد کرکے ضبط کر لیے گئے ہیں۔
پولیس نے اس واقعے پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی تقاریب میں فائرنگ جیسے غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک اقدامات ناقابلِ برداشت ہیں۔
پولیس نے خبردار کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔