جموں/20اپریل
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع رام بن میں بادل پھٹںے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور جائیداد کو بھاری نقصان پہنچنے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا’‘میں اس دل دہلا دینے والے سانحے سے شدید رنجیدہ ہوں، جس میں تین قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے ۔ میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں‘۔
وزیر اعلیٰ نے مقامی انتظامیہ کی فوری اور م¶ثر کارروائی کی تعریف کی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔
عمرعبداللہ نے کہا”ہم مقامی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور جہاں بھی امداد کی ضرورت ہو، فوری طور پر ریسکیو آپریشنز کیے جا رہے ہیں“۔
وزیر اعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سفر سے متعلق ہدایات پر عمل کریں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں مزید کہا” ہم سب مل کر اس قدرتی آفت کا مقابلہ کریں گے ۔ عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ جلد سے جلد اس بحران پر قابو پایا جا سکے ۔“