سرینگر//
محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں۱۸سے۲۰ ؍اپریل تک وسیع پیمانے پر موسلا دھار بارشوں، گرج چمک، تیز ہواوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے ۔
محکمہ کے مطابق، ان تین دنوں کے دوران وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جب کہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری ہو سکتی ہے ۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران بعض علاقوں میں تیز ہوائیں،ژالہ باری ، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) آنے کا بھی امکان ہے ۔
محکمہ کے مطابق، سو نہ مرگ، گلمرگ، پیر کی گلی، زوجیلا، شوپیاں، بانڈی پورہ، سنتھن ٹاپ، رازدان پاس اور کولگام میں بارشوں کے ساتھ ساتھ برفباری بھی متوقع ہے ۔
ترجمان نے مزید کہا سرینگر،جموں قومی شاہراہ اور دیگر پہاڑی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے ۔
زرعی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے ، خاص کر ان دنوں میں باغبانی یا دوا پاشی کی سرگرمیوں سے پرہیز کا مشورہ دیا گیا ہے ۔
سیاحوں اور مسافروں کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے عوام، خاص طور پر کسانوں، مسافروں اور پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حالات کے پیش نظر ضروری اقدامات کریں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے ۔
کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فصلوں کو محفوظ رکھنے کیلئے پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔