سرینگر//
جموں کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے بارہمولہ اور سرینگر میں چار منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے نشیلا مواد برآمد کیا ہے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق، گانٹھ مولہ پائین میں چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک نوجوان عثمان بن رمضان ولد محمد رمضان لون ساکن فتح گڑھ کو روک کر اس کے قبضے سے۵۰گرام چرس برآمد کی۔ پولیس نے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
اسی طرح، کرالہ ہار بارہمولہ میں پولیس نے ایک سکوٹی سوار کو روکا، جس کے قبضے سے۳۰گرام ہیروئن جیسی نشیلی اشیاء برآمد ہوئیں۔ گرفتار شخص کی شناخت بشیر احمد بٹ ولد حاجی غلام قادر بٹ ساکن عمر کالونی بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے ۔
ادھر، سرینگر،بارہمولہ شاہراہ پر ایک زائلو گاڑی حادثے کا شکار ہوئی، جس میں گاڑی کا ڈرائیور عامر خان ولد محبوب خان ساکن باغات پورہ ہندواڑہ زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق، زخمی ڈرائیور کے قبضے سے۵ء۲گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
مزید برآں، بمنہ چوک سرینگر میں پولیس نے ایک مشتبہ نوجوان کو روک کر اس کی تلاشی لی، جس کے دوران اس کے قبضے سے۱۹ہزار۶۰۰روپے نقدی، ایک موبائل فون اور چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار نوجوان کی شناخت منظور احمد ڈار ولد سلطان ڈار ساکن چندالی وانی گام ٹنگمرگ کے طور پر ہوئی ہے ۔
پولیس نے ان تمام معاملات میں مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
دریں اثنا جموں کشمیر کے سانبہ میں حکام نے بدھ کے روز ایک مبینہ منشیات فروش کے دو منزلہ مکان کو مسمار کر دیا اور کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
جموں کے مضافات میں بشناہ علاقے کے بجرو چاک گاؤں میں پولیس نے مطلوب منشیات فروش لاہو گجر کے نو تعمیر شدہ گھر کو منہدم کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ گجر نے منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے یہ گھر تعمیر کیا تھا اور اسے کچھ عرصہ قبل نوٹس جاری کیا گیا تھا ، لیکن وہ پولیس کے سامنے پیش ہونے میں ناکام رہا۔
انہوں نے بتایا کہ گجر کئی معاملوں میں پولیس کو مطلوب ہے اور مفرور ہے۔
ایک اور کارروائی میں سب ڈویڑنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) کی قیادت میں ایک دستے نے سانبا کے بری برہمنا علاقے میں بلولے کھڈ، گجر بستی اور ملحقہ علاقوں میں چھاپے مارے اور کئی لوگوں کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا۔
یہ چھاپے ۱۰؍ اپریل کو انسداد منشیات آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے سلسلے میں مارے گئے تھے جس میں ایک ایس ایچ او سمیت تین پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے۔