سرینگر//
منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مہم کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے ضلع بھر میں متعدد معاملات میں منشیات فروشوں کی تقریباً۲ء۱کروڑ رویے مالیت کی جائیدادیں ضبط کی ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ پولیس نے سلر اننت ناگ میں ایک یک منزلہ رہائشی مکان اور ایک کنال زمین کو ضبط کیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ یہ جائیداد بشیر احمد وانی ولد عبدالعزیز وانی ساکن سلر کی ملکیت ہے ،جو کافی مقدار میں پوست کے بھوسے کی برآمدگی سے متعلق پولیس اسٹیشن سری گفوارہ میں درج میں ملوث ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ جائیداد کی مالیت۷۰لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج ایک میں ایک رہائشی مکان اور ایک گاڑی ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ جائیداد تاجدار امین خان ولد محمد امین خان ساکن گوری ون بجبہاڑہ (حال کریوا کالونی بجبہاڑہ) کی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بلال احمد یتو ولد غلام حسن یتو ساکن گنڈ ناصر بجبہاڑہ کے شاپنگ کمپلیکس کو بھی ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مزید برآں این ڈی پی ایس کے تحت پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں درج ایک ایف آئی آرمیں ایک گاڑی ضبط کیا گیا جو ہرجندر سنگھ ولد گرودیال سنگھ ساکن مبارک پور کپورتھلا (پنجاب) کی ملکیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان ضبط شدہ جائیدادوں کی کل قیمت ایک کروڑ بیس لاکھ روپیے ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ کن کارروائیاں اننت ناگ پولیس کے منشیات کے اسمگلروں کے مالیاتی نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور ناجائز ذرائع سے حاصل کی گئی جائیدادوں کو ضبط کرکے جوابدہی کو یقینی بنانے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات ایک مضبوط پیغام بھیجتے ہیں اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کیلئے ایک مؤثر رکاوٹ کا کام کرتے ہیں۔