جموں/۵اپریل
جموں کشمیر پولیس نے ضلع رام بن کے گول علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے ) کی دفعہ 25 کے تحت غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک اہم اقدام میں رام بن پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ، 1967 (یو اے پی اے ) کی دفعہ 25 کے تحت 10.18 کنال زرعی اراضی کی صورت میں 2 جائیدادوں کو ضبط کیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس زرعی اراضی میں سے محمد شریف ولد محمد سلطان ساکن دلواہ تحصیل گول کے نام 7 کنال 3 مرلہ رجسٹرڈ ہے جو کہ خسرہ نمبر 282 من، 274 من 664/544/361 کھیوٹ نمبر 98 اور 99 کے تحت آتا ہے اور گا¶ں دلواہ تحصیل گول ضلع رامبن میں واقع ہے جبکہ محمد یونس ولد گلہ گجر ساکن ہارا تحصیل گول کے نام 3 کنال 15 مرلہ درج ہے جو کھیوٹ نمبر 51,52 اور55 کے تحت آتا ہے اور کالی مستی موہرا ہارا تحصیل گول ضلع رام بن میں واقع ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ تمام منسلک جائیدادوں کو ریونیو ریکارڈ میں درج کیا گیا ہے ، اور ان کی فروخت یا منتقلی پر یو اے پی اے کے تحت پابندی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ضبطی پولیس اسٹیشن گول میں درج ایک ایف آئی آرسے منسلک ہے اور اسے قانونی طریقہ کار کی مکمل تعمیل کو یقینی بناتے ہوئے ایک پولیس ٹیم اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں منسلک کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ کیس کی تفتیش کے دوران پولیس نے فروری 2025 میں 23.13 کنال رقبہ کی اراضی کو پہلے ہی ضبط کر لیا ہے اور 10.18 مرلہ اراضی کو گذشتہ روز ضبط کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی خطے میں غیر قانونی اور تخریبی سرگرمیوں کی جاری تحقیقات میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے اور یہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کو بے اثر کرنے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے رام بن پولیس کی لگن کو اجاگر کرتی ہے ۔