جموں/۲اپریل
جموں کشمیر میں غریب گھرانوں کی مدد کےلئے حکومت نے انتیودیا انا یوجنا (اے اے وائی) اسکیم کے تحت فائدہ اٹھانے والوں کو مفت اضافی اناج کی فراہمی کو منظوری دے دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) کے اندر اے اے وائی گھرانوں کی ماہانہ خوراک کی ضروریات کو بڑھانا ہے۔
سرکاری حکم نامے کے ذریعے باضابطہ طور پر دیے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اضافی اناج کیس بہ کیس کی بنیاد پر مختص کیے جائیں گے، جس میں نیشنل فوڈ سکیورٹی ایکٹ (این ایف ایس اے) سمیت تمام پی ڈی ایس اسکیموں کے تحت اے اے وائی فائدہ اٹھانے والوں کے لیے ہر ماہ 10 کلوگرام سے زیادہ اناج کا حق نہیں ہوگا۔
مفت اناج کی تقسیم ہر اے اے وائی گھر میں فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد کے مطابق مختلف ہوگی‘ جس میں گھر میں افراد کی تعداد کی بنیاد پر اضافی چاول کی تقسیم کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
مثال کے طور پر، 10 ارکان تک والے گھرانے اضافی 35 کلو گرام چاول کے حقدار ہوں گے، جبکہ بڑے کنبوں والے گھرانوں کو سرکلر میں بیان کردہ فارمولے کی بنیاد پر اس سے بھی زیادہ مقدار مل سکتی ہے۔ چاول، جو فی الحال اوپن مارکیٹ سیل اسکیم (گھریلو) کے تحت دستیاب ہے، مستحقین کو بلا معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
محکمہ خزانہ کو اسکیم کے نفاذ کےلئے اضافی بجٹ سپورٹ مختص کرنے کا اختیار دیا گیا ہے ، جسے متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کے گردشی فنڈ (اناج) کھاتوں میں دوبارہ شامل کیا جائے گا۔
حکومت نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ حکومت ہند کے فوڈ اینڈ پبلک ڈسٹری بیوشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اوپن مارکیٹ سیل اسکیم (ڈومیسٹک) کے تحت گندم کی فروخت دوبارہ شروع ہونے کے بعد اے اے وائی گھرانوں کو گندم اور گیہوں کا آٹا فراہم کرنے کے آپشن پر غور کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے ایکس پر اس ضمن میں ایک پوسٹ میں کہا”بجٹ 2025-26 میں کئے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے ایک بڑے عوام دوست فیصلے میں جموں و کشمیر حکومت اب پی ڈی ایس کے تحت تمام اے اے وائی کنبوں کو اضافی اناج مفت فراہم کرے گی۔ ہر مستفید کو 10 کلو گرام تک اناج ملے گا، جس سے ہمارے سب سے کمزور کنبوں کے لئے غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔“