خشگ موسم کے بیچ وادی کے مختلف اضلاع میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات متوقع
سرینگر//
جموں کشمیر کے علاوہ ملک بھر میں کل پیر ۳۱ مارچ کو عید الفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جائیگی ۔
مفتی اعظم ناصر الاسلام نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور عید الفطر کل (پیر) کو منائی جائے گی۔
مفتی اعظم نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر جموں و کشمیر بھر سے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے کافی گواہ موصول ہوئے ہیں۔
اسلام نے کہا کہ جموں کشمیر میں کل عید الفطر منائی جائے گی۔
انہوں نے امت مسلمہ بالخصوص جموں و کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا’’یہ مبارک موقع ہم سب کیلئے بہت خوشی، خوشی، امن اور خوشحالی لے کر آئے‘‘۔
ادھر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مرکزی اہل حدیث رؤیت ہلال کمیٹی دہلی سے پریس کے لیے جاری ایک ریلیز کے مطابق آج مورخہ۲۹رمضان المبارک ۱۴۴۶ھ مطابق۳۰مارچ۲۰۲۵بروز اتوار بعد نماز مغرب اہل حدیث کمپلیکس، اوکھلا، نئی دہلی میں مرکزی اہل حدیث رؤیت ہلال کمیٹی دہلی کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی اور رؤیت ہلال ماہِ شوال۱۴۴۶ھ کے سلسلے میں حسب سابق ملک کے اکثر صوبوں کے ذمہ داروں اور ملی تنظیموں سے بذریعہ فون رابطے کیے گئے ۔
چنانچہ ملک کے متعدد مقامات سے رؤیت ہلال کی مصدقہ و مستند خبر یں موصول ہوئیں۔ بنابریں مرکزی اہل حد یث رؤیت ہلال کمیٹی دہلی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ کل مورخہ۳۱مارچ۲۰۲۵ء کو ماہ شوال کی پہلی تاریخ ہوگی اور عید الفطر منائی جائے گی۔
اس دوران پاکستان میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا اور وہاں بھی عید الفطر کل منائی جائے گی۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق شوال کے چاند کی رویت اور عیدالفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کیا۔
مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق ملک بھر سے چاند نظر آنیکی شہادتیں موصول ہوئیں۔
دوسری جانب آج سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف خلیجی ممالک میں عیدالفطر منائی جا رہی ہے جبکہ برطانیہ اور کینیڈا سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں عید ۳۱مارچ کو ہونے کی توقع ہے۔
اسرائیل کے ظلم اور بربریت کے شکار فلسطین میں بھی عیدالفطر آج منائی جارہی ہے، بے گھر فلسطینی مسلمان کھلے آسمان تلے، خوراک کی شدید قلت اور بے پناہ مسائل کے دوران عیدالفطر منا رہے ہیں۔ مسجد اقصیٰ میں نماز عیدالفطر کا اجتماع ہوا، جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی، نماز کی ادائیگی کے بعد دعا بھی کروائی گئی۔
اس دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بہت سے مسلمان جنگ کے باعث پیاروں کے ہمراہ عید نہیں منارہے، اپنے پیاروں کے ساتھ عید نا مناسکنے والوں سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں، امید ہے عید سب کو باہم جوڑنے کا باعث بنے گی۔