سرینگر//
جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں وادی بھر میں سرگرم لکڑی اسمگلنگ کے ایک ریکٹ کا کامیابی سے پردہ فاش کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مصدقہ انٹلی جنس پر پولیس کو اطلاع ملی کہ سمگلروں کا ایک گروپ نوگام سرکل (گنڈ ابراہیم) کے رکھ دسلی پورہ میں سرکاری زمین (رکھ) سے غیر قانونی طور پر بید کے درختوں کو کاٹ رہا ہے ۔
ترجمان نے کہا’’چوری شدہ لکڑی کو ٹاٹا موبائل گاڑی میں پٹن اور قریبی علاقوں میں غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کیلئے منتقل کیا جا رہا تھا‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو روک کر گاڑی کو چوری شدہ لکڑی سمیت قبضے میں لے لیا‘‘۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پٹن میں بی این ایس کی دفعہ۳۲۴(۳)‘۱۱۲(۲)اور(۵)۳ کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۵/۵۰ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ کلیدی ملزم جان محمد بٹ ساکن نینا بٹہ پورہ پلوامہ جائے موقع سے فرار ہو گیا تاہم بعد میں سراغ لگا کر اس کو پلوامہ سے گرفتار کر لیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں مزید گرفتاریاں اور بازیابیاں متوقع ہیں۔