سرینگر//
وزیر اعلیٰ‘ عمر عبداللہ نے عید الفطر کے موقعہ پر جموںوکشمیر کے لوگوں کو دِلی مُبارک باد پیش کی ہے۔
اَپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے عید کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اسے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے روزوں اور عبادات کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم نعمت قرار دیا۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ عید اللہ سبحان و تعالیٰ کا شکر ادا کرنے، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے اور رمضان المبارک کے دوران ہم آہنگی ،اخوت و ہمدردی کے جذبات کو مضبوط کرنے کا نادر موقعہ ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عید ایک ایسا وقت ہے جب لوگ رمضان المبارک کی برکتوں کی تقریب منانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں بانٹتے ہیں ، برادری کے رشتوں کو مضبوط کرتے ہیں اور باہمی احترام اور بھائی چارے کی اَقدار کو تقویت دیتے ہیں۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ یہ خوشیاں بانٹنے، ہمدردی کا اظہار کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا وقت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ تہوار جموں و کشمیر کی مشترکہ تہذیب، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ثقافتی شراکت داری کا حقیقی مظہر ہے جو اتحاد اور امن کے تانے بانے کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے دُعا کی کہ یہ عید جموں و کشمیر کے لوگوں اور دُنیا بھر میں عید منانے والوں کے لئے اَمن، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔
ادھرلیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے عید الفطر کے موقعہ پر جموںوکشمیر کے لوگوں کو مُبارک باد دی ہے۔
اَپنے مبارک بادی کے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’میںعید الفطر کے مبارک موقعہ پر سب کو دِل کی گہرائیوں سے مُبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں‘‘۔
ان کا مزید کہنا تھا’’عیدالفطر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزے اور عبادات کے بعد منائی جاتی ہے اور یہ خوشیوں، مسرتوں اور یکجہتی کا ایک نادر موقع ہے۔ یہ عید ہمیں بھائی چارے، ہمدردی اور اتحاد کے جذبے کو مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے‘‘۔
ایل جی نے پیغام کے آکر پر کہا’’ دعا ہے کہ عید الفطر ہم سب کیلئے اَمن ، خوشحالی اور خوشیوں کی نوید لے کر آئے۔‘‘