سرینگر//
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں عیدالفطر کی تقریبات کے دوران خشک و خوشگوار موسم کی پیش گوئی کی ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۳۰؍اور۳۱مارچ کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں یکم اپریل سے۷؍ اپریل تک بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران ۳؍اپریل کو بعد دوپہر مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔
محکمہ نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت ۱سے۶ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے ۔
محکمہ نے کہا کہ وادی کشمیر میں سیاحتی مقام گلمرگ سب سے سرد علاقہ رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی۲ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں میں سرد ترین علاقہ بانہال رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت۹ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
دریں اثنا وادی میں اتوار کو صبح سے ہی موسم خشک و خوشگوار رہا ہے اور اس لوگوں کو اپنے اپنے کاموں کے ساتھ مصروف دیکھا گیا۔