سرینگر//
بھارت نے اقوام متحدہ میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے جسے اسے خالی کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب پرواتھانینی ہریش نے پیر کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں موافقت کو آگے بڑھانے کے بارے میں کھلی بحث کے دوران کیا۔
مستقل مندوب کاکہنا تھا’’جموںکشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ پاکستان نے جموں و کشمیر کے علاقے پر غیر قانونی طور پر قبضہ جاری رکھا ہوا ہے، جسے اسے خالی کرنا چاہئے‘‘۔
ہریش کا یہ سخت رد عمل اس وقت سامنے آیا جب پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کھلی بحث کے دوران جموں و کشمیر کا مسئلہ اٹھایا۔
مندوب نے کہا کہ بھارت یہ نوٹ کرنے پر مجبور ہے کہ پاکستان کے نمائندے نے ایک بار پھر بھارتی یونین ٹریٹری جموں و کشمیر کے بارے میں غیر ضروری بیانات کا سہارا لیا ہے۔
ہریش نے کہا کہ اس طرح کے بار بار حوالہ جات نہ تو ان کے غیر قانونی دعووں کی توثیق کرتے ہیں اور نہ ہی ان کی ریاستی سرپرستی میں سرحد پار دہشت گردی کا جواز پیش کرتے ہیں۔’’ ہم پاکستان کو مشورہ دیں گے کہ وہ اپنے تنگ نظر اور تفرقہ انگیز ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے اس فورم کی توجہ ہٹانے کی کوشش نہ کرے‘‘۔
مستقل مندوب نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان جواب دینے کے زیادہ تفصیلی حق کا استعمال کرنے سے گریز کرے گا۔
واضح رہے کہ ۵؍اگست ۲۰۱۹ کو بھارت کی جانب سے آرٹیکل ۳۷۰ کے خاتمے، جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔
بھارت نے بارہا کہا ہے کہ وہ دہشت گردی، دشمنی اور تشدد سے پاک ماحول میں پاکستان کے ساتھ معمول کے ہمسایہ تعلقات کا خواہاں ہے۔