جموں//
جموںکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں مسافر بردار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں تین مسافروں کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ۶کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعے کے روز ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں بگان کاٹلی کے نزدیک ڈرائیور موڑ کاٹنے کی کوشش کے دوران گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا جس وجہ سے گاڑی تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو فوری طورپر نزدیکی ہسپتال پہنچایا جہاں پر موجود ڈاکٹروں نے تین مسافروں کو مردہ قرار دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہوئے چھ مسافروں کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔