سرینگر//
پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں۸سو لیٹر غیر قانونی مٹی کاتیل بر آمد کرکے تین ملزموں کو گرفتار کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ آررے اور شالی پورہ کولگام میں مٹی کے تیل کی بلیک مارکیٹنگ کے بارے میں مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کولگام کی پولیس پارٹیوں نے ایس ایچ او کی سربراہی اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے ہمراہ مذکورہ علاقوں میں تلاشی لی۔
ترجمان نے کہا کہ اس دوران طارق احمد ڈار ولد بشیر احمد ڈار ساکنہ شالی پورہ، اشفاق احمد وانی ولد علی محمد وانی ساکنہ آررے اور محمد لطیف خان ساکن سنگائی دنمار سرینگر کی تحویل سے۵سو اور۳سو لیٹر غیر قانونی تیل خاکی بر آمد کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ جرم میں ملوث ان ملزموں کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کولگام میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان مٹی کا تیل غیر قانونی طور پر بلیک مارکیٹ میں فروخت کر رہے تھے ۔انہوں نے لوگوں کو چوکس رہنے اور پولیس کو کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر قانونی عمل کی اطلاع دینے کی تاکید کی۔