جموں//
جموں کشمیر حکومت نے چھٹے پے کمیشن کے تحت ملازمین اور پنشنرز کیلئے مہنگائی الاؤنس (ڈی اے) کو بنیادی تنخواہ اور پنشن کے۲۳۹ فیصد سے بڑھا کر۳۴۶ فیصد کردیا ہے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ایک حکم کے مطابق جو سرکاری ملازمین پہلے سے نظر ثانی شدہ چھٹے پے کمیشن اسکیل کے تحت اپنی تنخواہ حاصل کرنا جاری رکھیں گے انہیں نظر ثانی شدہ ڈی اے ملے گا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جولائی ۲۰۲۴ سے فروری ۲۰۲۵ تک کے بقایا جات مارچ ۲۰۲۵ میں نقد ادا کیے جائیں گے اور نظر ثانی شدہ ڈی اے کو مارچ ۲۰۲۵ کے بعد سے ماہانہ تنخواہ میں شامل کیا جائے گا۔
مزید برآں۵۰ پیسے اور اس سے زیادہ کے اجزاء کو اگلے اونچے روپے میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ۵۰ پیسے سے کم کی رقم کو نظر انداز کیا جائے گا۔
ایک علیحدہ حکم میں حکومت نے چھٹے پے کمیشن کے تحت پنشنرز اور فیملی پنشنرز کے لئے ڈی اے کو ۲۳۹ فیصد سے بڑھا کر پنشن / بنیادی پنشن کا۲۴۶ فیصد کردیا ہے ، جس کا اطلاق یکم جولائی۲۰۲۴ سے ہوگا۔
پنشنرز کے بقایا جات بھی مارچ ۲۰۲۵ میں ادا کیے جائیں گے اور مستقبل کی ادائیگیوں میں نظر ثانی شدہ ڈی اے بھی شامل ہوگا۔