سرینگر//
پولیس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیرکے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں ایک ناکے پر دو ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ وگولہ بارود بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے فوج کی۱۳آر آر اور سی آر پی ایف کی۴۵ویںبٹالین کے ساتھ بانڈی پورہ کے گنڈہ بل حاجن روڈ پر ایک ناکے کے دوران دو ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت نصیر احمد پرے ولد بشیر احمد پرے ساکن کتھہ پورہ حاجن اور مدثر احمد پرے ولد محمد رمضان پرے ساکن گنڈہ بل حاجن کے طور پر کی گئی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا جس میں دو چینی ساخت کے گرینیڈ،اے کے ۴۷کی۱۸گولیاں‘ایک اے کے۴۷میگزین‘۸پستول گولیاں‘ایک پستول میگزین اور دو موبائل فون شامل ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن حاجن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
قبل ازیں فوج کی چنار کور نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا’’مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک ٹیم نے بدھ کے روز بانڈی پورہ کے گندبل حاجن علاقے میں بدھ کے روز ایک مشترکہ تلاشی آپریشن چلایا‘‘۔
فوج نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی تحویل سے اسلحہ و گولہ باردو بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس کی طرف سے مزید تحقیقات جاری ہے۔