تحریر:ہارون رشید شاہ
چلئے جناب ایک بات تو طے ہے کہ اپنے بلاول بھٹو نے ایک بات تو ثابت کی کہ … کہ وہ اتنے بھی چھوٹے نہیں ہیں کہ انہیں یہ پتہ نہیں ہو گا کہ انہیں کیا کہنا ہے اور… اور کیا نہیں ۔وزارت خارجہ کی کمان سنبھالے ہو ئے انہیں زیادہ وقت نہیں ہوا اور… اور بالکل بھی نہیںہوا … لیکن …لیکن جناب نے ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ ان کے واقعی میں دودھ کے دانت نکل آئے ہیں… تو … تو اگلے روز بھٹو نے ایک تھنک ٹینک سے خطاب میں اس بات پر افسوس کیا کہ پاکستان کے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں ہیں اور… اور بالکل بھی نہیں ہیں ۔بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات ‘ پاکستان کے فائدے میں ہیں …اور اس لئے ہیں کہ …کہ تعلقات اچھے ہو نے کی صورت میں اسلام آباد‘ نئی دہلی کی پاکستان کے تئیں پالیسی پر کچھ حد تک اثر اندازہوتا … لیکن چونکہ ایسا نہیں ہے اور… اور دونوں ممالک میں تعلقات ٹھیک نہیں ہیں… اس لئے دونوں نے انتہائی پوزیشن اختیار کر رکھی ہے …یہ تو رہی سیاسی تعلقات کی نوعیت …بلاول بھٹو کی سنی جائے تو… تو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات بھی پاکستان کے حق میں ہیں ۔بلاول بھٹو کی باتوں سے اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے… لیکن صاحب مسئلہ یہ ہے کہ اس سارے صورتحال کیلئے ذمہ دار کون ہے؟جواب سب جانتے اور ہمیں یقین ہے کہ بلاول بھٹو بھی جانتے ہوں کہ … کہ یہ سب خان صاحب … عمران صاحب کا کیا کرایا ہے کہ انہوں نے جس طرح اپنی انا کی خاطر کی تسکین کی خاطر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اعلان جنگ کررکھی تھی… اسی طرح انہوں اپنی انا کوبھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر ترجیح دی اور… اور وزیر اعظم ہند کیخلاف ایسی پوزیشن ‘ایسا موقف ‘ ایسی زبان استعمال کی جس نے دونوں ہمسایہ ممالک میں تعلقات میں بہتری کے سارے امکانات کو ختم کر کے رکھ دیا ۔خیر!عمران خان اب قصہ پارینہ بن گیا اور … اور اب پاکستان میں ایک نئی حکومت وجود میں آگئی ہے … اور بلاول بھٹو اسی نئی حکومت کے وزیر خارجہ ہیں… اگر انہیںلگتا ہے ‘ اگر انہیں یقین ہے کہ انہوں نے جو کہا وہ صحیح ہے …بھارت کے ساتھ تعلقات پاکستان کے فائدے میں ہیںتو… تو صاحب انہیں اس ضمن میں پہل کرنے سے کس نے روکا ہے… وہ پہل کریں ‘ ہمیں یقین ہے کہ انہیں اس پہل کا مثبت جواب ملے گا اور … اور سو فیصد ملے گا ۔ہے نا؟