سرینگر/۱۷جون
پیغمبر اسلام ؐ کی شان میں گستاخی کے خلاف جمعہ کے روز سرینگر کے بعض علاقوں کے بازار بند رہے تاہم سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری رہی۔بتادیں کہ سری نگر میں مذکورہ معاملے کو لے کر گذشتہ جمعہ کو بھی بازار بند رہے تھے ۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے کہا کہ سرینگر کے بعض علاقوں میں دکانیں بند اور دیگر کاروباری سرگرمیاں بھی مفلوج رہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارتی مرکز لالچوک اور گرد و پیش کے علاقوں کے علاوہ شہر خاص میں بھی تمام بازار صبح سے ہی بند رہے ۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل حسب معمول جاری تھی۔
نامہ نگارنے کہا کہ حساس مقامات پر اضافی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا تھا۔ادھر تفصیلات کے مطابق شہر خاص کے نوہٹہ علاقے میں واقع تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی تاہم وادی کے باقی جامع مساجد میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔اطلاعات کے مطابق وادی کے باقی حصوں میں معمولات زندگی حسب معمول رواں دواں رہے ۔