سرینگر//
پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت۶ملزموں کی کروڑوں رویے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادوں کو منسلک کردیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بانڈی پورہ میں۶ملزموں کی اراضی کی صورت میں۱۸کنال ایک مرلہ کی۲کروڑ۸۱لاکھ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ ضبطی پولیس اسٹیشن بانڈی پورہ میں یو اے پی اے ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۲/۳۳میں عمل میں لائی گئی۔
بیان کے مطابق ضبط شدہ غیر منقولہ جائیدادوں میں سروے نمبر۱۳۹۲‘۱۳۹۴‘۱۴۵۸‘۱۴۶۱‘۱۳۷۷کے تحت محمد انور میر ولد رسول میر ساکن ہارٹینگ منتریگام کی ۲کنال ۱۱مرلہ زمین، عبدالرشید ڈوئی ولد الف الدین ساکن کیٹسن آلوسہ کی سروے نمبر۱۹۴‘۱۹۵‘۲۳۴‘ ۳۸۸‘۳۸۹‘۳۹۰کے تحت۳کنال۱۵مرلہ اراضی،سرفراز احمد ولد محمد یوسف ساکن کیٹسن کی۳کنال۹مرلہ،محمد یوسف ترک ولد محمد شمس الدین ترک ساکن کیٹسن آلوسہ کی ایک کنال ایک مرلہ زیر سروے نمبر۳‘۴‘۵محمد عبداللہ ولد غلام احمد ملک ساکن آلوسہ کی سروے نمبر۳۹۰۴‘۲۰۹۱‘۲۰۹۲‘۳۶۱۶۸‘۲۳۱۸کے تحت۶ کنال۱۰مرلہ اراضی اورفاروق احمد ولد محمد رمضان گنائی ساکن آلوسہ کی سروے نمبر۲۴۲۰‘۲۴۲۱’۲۳۵۲‘۲۳۵۱‘۲۳۵۱‘۲۴۳۰‘۲۴۲۶کے تحت ۶کنال۶مرلہ اراضی شامل ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ اٹیچمنٹ کی یہ کارروائی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بانڈی پورہ کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے متعلقہ نائب تحصیلدار اور ریونیو حکام کے ساتھ انجام دی۔
ترجمان نے کہا کہ اس کارروائی کو متعلقہ دیہات کے مقامی باشندوں نے بھی دیکھا۔