جموں//
جموںکشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک کئی جنگلی علاقوں کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ کھوجی کتوں کی مدد سے جنگلی علاقوں کو کھنگالا جارہا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک درجن کے قریب علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح سیکورٹی فورسز نے پھمار نار، ککر مورہ، جبدن گلی، ہرنی، گرسی، بریلہ، قصبہ یاراور بفلیاز جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن لانچ کیا۔
دفاعی ذرائع نے کے مطابق مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔
انہوں نے کہاکہ آخری اطلاعات موصول ہونے تک آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین آمنا سامنا ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نئی دہلی میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھارت، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے سیکورٹی ایجنسیوں پر زور دیا کہ جموں وکشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے معاونت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جائے ۔