سرینگر//
سرینگر کے مضافاتی علاقے ٹینگن بائی پاس میں آج شام ایک سڑک حادثہ میں ایک خاتون کی موت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹیگن بائی پاس کے قریب گاڑی کی ٹکر سے لسجن کی رہائشی عافیہ عمر نامی خاتون شدید زخمی ہوگئی۔
واقعہ کے بعد اسے علاج کیلئے اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
دریں اثنا پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔
ادھرجموں صوبے کے دو الگ سڑک حادثات میں دو لوگوں کی جان گئی ۔
اطلاعات کے مطابق جموں کے نگروٹہ میں سلفی پوائنٹ کے نزدیک ایک سکوٹی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ۳۰سالہ نوجوان شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی نوجوان کو علاج ومعالجہ کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا جہاں پر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
متوفی کی شناخت سنجے کمار ولد منشی رام کے بطور کی گئی ہے ۔
ادھر جموںکشمیر کے ضلع رام بن کے ایک دور افتادہ گائوں میں پیر کو ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون کی موت جبکہ ۱۲دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن میں ایک دور افتادہ گائوں چھبا سے رام بن کی طرف آ رہی ایک مسافر بر دار گاڑی اپر نیرا کے قریب حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ بارہ دیگر زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ صبح کے قریب سوا دس بجے پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد پولیس اور مقامی لوگوں نے بچائو آپریشن شروع کر دیا۔متوفی خاتون کی شناخت ۳۳سالہ سوناکشی دیوی زوجہ رگبیر سنگھ ساکن چھبا کے طور پر کی گئی ہے ۔
زخمیوں کو علاج و معالجے کیلئے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔