جموں/ 24 فروری
جموں کشمیر کے نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری نے پیر کے روز چونکا دینے والے انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ جب عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالا تو خزانے خالی تھے۔
چودھری نے نیشنل کانفرنس کے سابق جنرل سکریٹری شیخ نذیر احمد کو ان کی دسویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب عمر عبداللہ حکومت نے جموں و کشمیر کی باگ ڈور سنبھالی تو تمام خزانے خالی تھے۔
اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ بھی موجود تھے۔
تاہم انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے جموں و کشمیر سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا بھی مطالبہ کیا جس میں ریاست کا درجہ بحال کرنا بھی شامل ہے۔
چودھری نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک ایسی پارٹی ہے جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا ہے اور ہمارے رہنماو¿ں نے جموں و کشمیر اور ملک کو مضبوط کیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک ایسی ریاست ہے جس نے دہشت گردی اور ملک کی تقسیم کا مشاہدہ کیا۔” ہم نے سرحدوں پر فائرنگ بھی دیکھی ہے۔ہمارے رہنما یہ یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جموں و کشمیر ہندوستان کی جمہوریت اور اس کے آئین کو مضبوط بنانے کے لئے مضبوط ہو“۔
چودھری نے کہا کہ ہمیں بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرنا ہے کیونکہ سابق ریاست جموں و کشمیر اب مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ "پہلے جب نیشنل کانفرنس نے حکومت کی قیادت کی تھی تو خزانے بھرے ہوئے تھے لیکن اس بار ہم نے حکومت سنبھالنے پر انہیں خالی پایا۔
چودھری نے کہا”جب سے عمر عبداللہ نے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالا ہے، ہم جموں کشمیر کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لداخ ہم سے جدا ہونے کے باوجود ہمارا بھائی بھی ہے۔ ہم ایک دوسرے کے دلوں میں رہتے ہیں اور آج بھی ہم اتنے ہی مضبوط ہیں جتنے 2019 (دفعہ 370 کی منسوخی) سے پہلے تھے“۔
نیشنل کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ ہمیں اپنے رہنماو¿ں کے راستے پر چلنا ہے اور پارٹی، جموں و کشمیر اور ملک کو مضبوط کرنا ہے۔
بعد ازاں پارٹی دفتر کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے جموں وکشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے استعمال اور جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف مل کر لڑیں۔
چودھری نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی اور ان کی بیٹی التجا مفتی کو غیر متعلقہ بیانات دینے اور پہلے اپنا گھر سیدھا رکھنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔