جموں//
جموںکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے ہفتے کے روز کہاکہ سٹیٹ ہڈ کی بحالی کو لے کر کانگریس نے ’ہماری ریاست ہمارا حق ‘ عنوان کے تحت مہم شروع کی ہے۔
قرہ نے کہاکہ جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ وہ ریاستی درجے کی بحالی کے حق میں ہے یا نہیں۔
ان باتوں کا اظہار قرہ نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
کانگریسی یونٹ صدر نے کہاکہ مرکزی سرکار نے وعدہ کیا تھا کہ جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آنے اور الیکشن عمل مکمل ہونے کے بعد ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا۔
قرہ نے کہاکہ چونکہ نئی حکومت کو معروض وجود میں آئے چار مہینے ہو گئے لیکن ابھی تک مرکزی سرکار نے اپنا وعدہ پورانہیں کیا۔
پی سی سی چیف نے کہا’’جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے لیڈران کو سٹیٹ ہڈ کی بحالی کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے‘‘۔
ایک سوال کے جواب میں قرہ نے کہاکہ کانگریس نے جموں صوبے کے ہر ضلع میں ریاستی درجے کی بحالی کی مانگ کو لے کر مہم شروع کی ہے اور لوگ بھی اب اس کے ساتھ جڑ تے جارہے ہیں۔
قرہ نے ایک دفعہ پھر مرکزی سرکار کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر جلدازجلد ریاستی درجے کی بحالی کے حوالے سے فیصلہ نہیں لیا جاتا تو کانگریس پارٹی ایجی ٹیشن شروع کرنے سے بھی گریز نہیں کرئے گی۔