سرینگر//
محکمہ موسمیات نے خشک موسم کے بیچ وادی کشمیر میں۴دنوں کو محیط برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے ۔
محکمہ موسمیات سرینگر کے ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ وادی میں۲۵فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۲۵ فروری کی شام سے برف باری یا بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے ۔
احمد کا کہنا ہے کہ۲۵؍اور۲۶فروری کو یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور اس دوران کچھ پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری ہوسکتی ہیں اور میدانی علاقوں میں بھی درمیانی سے بھاری بارشوں کا امکان ہے ۔
احمد نے کہا کہ اس دوران جموں صوبے میں بھی درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔موصوف ڈائریکٹر نے بتایا کہ برف و باراں کا سلسلہ۲۷فروری کو بھی جاری رہ سکتا ہے ۔
ڈائریکٹر نے کہا کہ۲۸فروری کو بھی دونوں صوبوں کشمیر اور جموں میں برف و باراں کا امکان ہے ۔سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوئزری کے مطابق اپنے سفر کے منصوبے بنائیں۔
وادی میں لوگ خاص طور پر کسان برف و باراں کا بے صبری انتظار کر رہے ہیں۔خشک موسم صورتحال سے جہاں وادی میں کئی چشمے سوکھ گئے ہیں وہیں اس دوران کئی علاقوں کے جنگلوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں سال رواں کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بارش کی۷۹فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جموں میں بارش کی۸۴فیصد کمی درج ہوئی ہے ۔
ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں جاری خشک موسمی صورتحال آنے والے موسم سرما میں پانی کے شدید بحران کا باعث بن سکتا ہے ۔
ان کا ماننا ہے کہ۲۰فروری کو ہوئے برف و باراں کا مرحلہ جموں وکشمیر میں جاری بارش کے کمی کے رجحان کو کم کرنے کے لئے ناکافی ہوسکتا ہے ۔
ادھر وادی میں ہفتے کو موسم صبح سے ہی جزوی ابر آلود رہا اور آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کامیاب کوششیں کیں۔
دریں اثنا وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، لیہہ شاہراہ پر گذشتہ تین دنوں سے ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے ۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ اس شاہراہ پر بی آر او کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی ٹریفک بحال کیا جائے گا۔
بتادیں کہ سرینگر، لیہہ شاہراہ پر۲۰فروری کو زوجیلا پر بھاری برف باری کے بعد ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔
ٹریفک حکام نے ہفتے کو بتایا کہ سرینگر، لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل ہنوز بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس شاہراہ پر بی آر او کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی ٹریفک بحال کیا جائے گا۔
ادھر وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل حمل حسب معمول جاری ہے ۔
حکام نے انہوں نے مسافروں سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ مٹی کے تودے یا چٹانیں کھسک آنے کے خدشات کے پیش نظر بانہال اور رام بن کے درمیان غیر ضروری طور پر ٹھہرنے سے اجتناب کریں اور شاہراہ پر دن کے دوران ہی سفر اختیار کریں۔
حکام نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ، سنتھن روڈ اور بھدرواہ ، چمبا روڈ مسلسل بند ہیں۔