سرینگر//
وادی کشمیر میں شراب پر پابندی اور منشیات کی بیخ کو یقینی بنانے کیلئے عوامی سطح پر بھی مہم نے زور پکڑنا شروع کر دیا ہے ۔
سرینگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں گھنٹہ گھر کے بالکل سامنے ٹریڈرس ایسو سی ایشن سینٹرل لال چوک نے ایک سائن بورڈ نصب کیا ہے جس میں سیاحوں کو کشمیر کی خوبصورتی سے لطف اندوز کی دعوت دی گئی ہے اور شراب، منشیات اور تمباکو نوشی سے اجتناب کرنے کی گذارش کی گئی ہے ۔
سائن بورڈ پر انگریزی زبان میں سیاحوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا گیا ہے’’ٹریڈرس ایسو سی ایشن سینٹرل لال چوک آپ کو جنت کشمیر کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتا ہے ‘‘۔
اس میں مزید لکھا گیاہے’’ایک یاد گار اور خوشگوار دورے کیلئے ہم آپ سے ملتمس ہیں کہ اپنے کنبے سے محبت کریں، شراب، منشیات، سڑک پر تھوکنے اور تمباکو نوشی سے احتراز کریں، ہمارے کلچر اور روایات کی عزت کریں اور ہمارے دلکش شہر میں لطف اندوز ہو جائیں‘‘۔
ایسو سی ایشن کے ایک رکن نے میڈیا کو بتایا’’اس سائن بورڈ کے نصب کرنے کا مقصد یہ ہے کہ شام کو دیر گئے تک یہاں کافی لوگ جمع رہتے ہیں جن میں سے کچھ محض ایک یا دو فیصد شراب پی کر ہوتے ہیں اور یہ باقی لوگوں کو بھی پریشان کرتے ہیں‘‘۔
رکن نے کہا کہ یہاں ایسا نہیں ہونا چاہئے تاکہ سیاح اور باقی لوگ یہاں اچھی طرح سے لطف اندوز ہوسکیں اور یہاں صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا جانا چاہئے ۔
ایک غیر مقامی سیاح نے کہا’’فیڈریشن نے یہ ایک اچھا پیغام دیا ہے یہاں تمباکو نوشی یا شراب نوشی نہیں ہونی چاہئے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ سبھی لوگوں کے لئے ایک اچھا اور احسن اقدام ہے ۔