جموں//
جموں وکشمیر کے بھدرواہ قصبے میں چھٹے روز بھی کرفیو نافذ رہا جبکہ ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ اور برانڈ بینڈ سہولیات مسلسل معطل رہنے سے طلبہ و طالبات کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق بھدرواہ قصبے میں بدھ کے روز مسلسل چھٹے روز بھی کرفیو نافذ رہنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔
ذرائع نے بتایا کہ قصبے میں سبھی کاروباری مراکز و تعلیمی ادارے بند پڑے ہوئے جبکہ انٹرنیٹ خدمات بھی معطل ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ بھدرواہ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر جگہ جگہ اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق امن دشمن عناصر کو بڑے پیمانے پر تلاش کیا جارہا ہے جنہوں نے قابل اعتراض مواد سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھدرواہ قصبے میں چھٹے روز بھی کرفیو نافذ رہا تاہم اس دوران لوگوں کو ضروریات زندگی کی اشیاء خریدنے کی اجازت دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ دونوں طبقہ کے ذی عزت شہریوں کے ساتھ پولیس کے سینئر آفیسران بات چیت کر رہے ہیں تاکہ قصبے میں حالات کو دوبارہ معمول لایا جا سکے اورخرمن امن میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور کئی ایک کو حراست میں بھی لیا گیا ہے ۔
سرکاری ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حالات پوری طرح سے قابو میں ہے اور لوگ بھی انتظامیہ کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔
دریں اثنا موبائیل انٹرنیٹ اور برانڈ بینڈ سہولیا ت مسلسل معطل رہنے سے طلبا وطالبات کو مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بھدرواہ قصبے میں انٹرنیٹ خدمات کو فوری طورپر بحال کیا جائے تاکہ طلبا اپنی تعلیم کو جاری رکھ سکے ۔