سرینگر//
جموںکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ‘سریندر کمار چودھری نے پیر کے روز کہاکہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد یا اہلکار کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
ان باتوں کا اظہار نائب وزیر اعلیٰ نے بارہ مولہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
چودھری نے کہاکہ عمر عبداللہ کی سربراہی میں حکومت نے عوام سے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ کے مطابق آبی ذخائر میں غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اگر اس میں متعلقہ محکمہ کے اہلکار ملوث ہونگے تو ان کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
چودھری نے مزید بتایا کہ غیر قانونی کان کنی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ موجودہ سرکار نے اس کے خلاف زیرو ٹرولنس پالیسی اپنا رکھی ہے۔
اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے ایک تفصیلی پرزنٹیشن کے ذریعے نائب وزیر اعلیٰ کو بارہ مولہ ضلع کے ترقیاتی منظرنامے کے بارے میں آگاہ کیا اور بارہمولہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے مختلف دیرینہ مطالبات پیش کئے۔
نائب وزیرا علیٰ نے ان مطالبات پر توجہ دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے سربراہان سے اٹھائے گئے مسائل پر تازہ ترین اپ ڈیٹ طلب کئے اور انہیں ہدایت دی کہ ضروری کاموں کو ترجیح دی جائے اور ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔
چودھری نے بارہمولہ میں تیز رفتار ترقی اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نے یقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو جلد از جلد پورا کیا جائے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ شراکت داروں کو ہدایت دی کہ وہ نتیجہ خیز حکمت عملی اپنائیں اور بارہمولہ کو گورننس، بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کے لحاظ سے ایک ماڈل ضلع بنانے کی سمت میں کام کریں۔