سرینگر//
جموں کشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر اور رکن اسمبلی سجاد لون نے مقامی سیاسی جماعتوں سے ایک دوسرے پر سیاسی الزم تراشی کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے ۔
لون نے کہا’’ایک دوسرے کے خلاف سیاسی طور لڑنے کے لئے ہمیں کئی مواقع میسر ہوں گے لیکن فی الوقت ہمیں صبر و تحمل سے کام لینا چاہئے‘‘۔
پیپلز کانفرنس کے صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے درمیان بیان بازی کے رد عمل میں’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔
لون نے کہا’’ہمیں سیاسی طور پر ایک دوسرے کے خلاف لڑنے کیلئے کئی مواقع میسر ہوں گے لیکن اس وقت آزمائشی حالات ہیں، کشمیر سے باہر ہمارے لاکھوں طلباء، اور تاجر ہیں جو خوفزدہ ہیں، جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’کشمیر میں ایسے یو ٹیوبرس بھی خیمہ زن ہیں جو ایک ایسا منفی بیانیہ پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے کشمیریوں کی منفی تصویر پیش کی جا سکے ‘‘۔
لون نے کہا’’اس سب کے درمیان، مقامی جماعتوں کی طرف سے ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی الزامات سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ یہ انتہائی ناپسندیدہ عمل ہے ‘‘۔
پیپلز کانفرنس کے صدر نے کہا’’ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ یہاں کوئی بھی صاف و شفاف نہیں ہے ، کم از کم آنے والے ایک مہینے کے لیے ایسی سرگرمیوں سے وقفہ لیں‘‘۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا’’مجھ پر بھروسہ کریں، مجھے بھی لڑائی کی خواہش ہے ، لیکن فی الوقت نہیں،میں موجودہ حالات میں سیاسی الزام تراشی کرنے سے دور رہنے کی پوری کوشش کروں گا۔‘‘