سرینگر//
پارلیمانی اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو کا کہنا ہے کہ میری وزارت اور جموں وکشمیر انتظامیہ کے درمیان تال میل میں کچھ مسائل تھے جس کی وجہ سے مناسب فنڈز فراہم نہیں کیے گئے ۔
رجیجو نے کہاکہ موجودہ مرکزی سرکار جموں وکشمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔
مرکزی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار رجیجو نے گلمرگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
رجیجونے کہاکہ جموںکشمیر کے سیاحتی مقامات پر اس وقت سیاحوں کا غیر معمولی رش نظر آرہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقعے میسر ہو۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے اور یہ برقرار رہنا چاہئے ۔
رجیجونے کہاکہ اقلیتی امور کی وزارت آنے والے دنوں کے دوران تعلیم ، کھیلوں، مقامی ہینڈلوم اور دستکاری کے شعبوں کو فروغ دینے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے گی۔
مرکزی وزیر نے کہا’’ جموں وکشمیر کے مختلف مقامات پر پانی کے پروجیکٹوں کی تعمیر میں بھی اقلیتی امور کی وزارت مدد فراہم کرئے گی، اس کے علاوہ مختلف ہنروں کی بھی تربیت فراہم کی جائے گی‘‘۔
ان کے مطابق جموں وکشمیر میں پی ایم جن وکاس کریاکرم کے تحت اسکیموں کو تیز تر کرنے کی خاطر محکمہ سماجی بہبودکے آفیسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی۔
رجیجو نے کہاکہ پردھان منتری جن وکاس کریا کرم کے ذریعے بڑے انفرا سٹرکچر کی خاطر فنڈز جاری کرنے کا انتظام ہے جبکہ پردھان منتری وکاس تربیت اور ہنر مندی پر توجہ مرکوز کرتا ہے ۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ آفیسران نے جائزہ میٹنگ کے دوران ۱۸؍اضلاع کی نشاندہی کی اور مرکزی وزارت کی جانب سے منظوری کیلئے انہیں ترجیحی فہرست میں رکھا جائے گا۔
رجیجونے کہا’’جموںکشمیر کو ریکارڈ توڑ اسکیموں سے استفادہ کرنے کی خاطر سرکار کوشاں ہے ۔‘‘