جموں//
منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جموں کشمیر کے ضلع اودھم پور میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیرائن جیسا مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پوسٹ رون کی ایک پارٹی نے رون ڈومیل میں ایک ناکے کے دوران ایک شخص جو رون ڈومیل سے دارسو کی طرف پیدل جا رہا تھا، کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ گرچہ اس مشکوک شخص نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے۲۵ء۴گرام ہیرائن جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی بر سر موقع ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدہ کی شناخت اجے سنگھ ولد بلبیر سنگھ ساکن شیو نگر اودھم پور کے طور کی گئی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن اودھم پور میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔