ممبئی// ہندوستان کے کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے بدھ کو کہا کہ "بی سی سی آئی 2023 میں خواتین آئی پی ایل شروع کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے”۔
شاہ نے آئی پی ایل کے میڈیا حقوق کی کامیاب نیلامی کے بعد جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا کہ مجھے فخر ہے کہ آئی پی ایل آج اتنا بڑا ہوگیا ہے۔آج کی ای نیلامی نے آئی پی ایل کو فی میچ میڈیا رائٹس ویلیو کے معاملے میں بڑی لیگوں میں پہنچا دیا ہے۔ ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے یہ عمل شفاف اور منصفانہ ہو۔ میں تمام جیتنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور ای نیلامی کے عمل میں حصہ لینے کے لیے بولی لگانے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم مل کر آئی پی ایل برانڈ کی قدر میں اضافہ کرتے رہیں گے اور اسے آمدنی، شراکت داری اور کارکردگی کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی اسپورٹس لیگ بنائیں گے۔
شاہ نے کہا، "ہماری پوری توجہ کرکٹ اور کاروباری مفادات کو متوازن کرنے پر ہے کیونکہ بی سی سی آئی کرکٹ کے ذریعے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔بی سی سی آئی ملک میں خواتین کرکٹ کےفروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے علاوہ 2023 میں خواتین کی آئی پی ایل شروع کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔