سرینگر/11 فروری
وزیر اعظم نریندر مودی 17 فروری کو اودھم پور سرینگر بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کی تکمیل میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہوئے کشمیر کے لئے ٹرین کا افتتاح کرنے والے ہیں۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ وزیر اعظم جموں ڈویڑن سے خصوصی طور پر تیار کردہ وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ برسوں کی لگن، انجینئرنگ کی ذہانت اور انتھک کوششوں کے بعد کشمیر کے ریل رابطے کا دیرینہ خواب بالآخر پورا ہوا ہے۔ وندے بھارت ایکسپریس جلد ہی اس تاریخی روٹ پر چلے گی۔
یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر ، ہندوستانی ریلوے نے ملک کے کچھ مشہور پلوں کو عبور کرتے ہوئے متعدد کامیاب آزمائشی رن کیے ہیں۔
331 میٹر اونچے پل کے ساتھ انجی کھڈ برج انجینئرنگ کا ایک قابل ذکر کارنامہ ہے جبکہ 359 میٹر کی بلندی پر چناب پل دنیا کا بلند ترین ریلوے پل ہونے کا اعزاز رکھتا ہے۔ یہ پل نہ صرف علاقائی رابطے کو بڑھاتے ہیں بلکہ ہندوستان کی تکنیکی اور بنیادی ڈھانچے کی طاقت کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔
افسر نے کہا”اس ٹرین کو خاص طور پر کٹرا-سرینگر ریل روٹ پر جموں و کشمیر کے سخت سردی کے حالات میں مو¿ثر طریقے سے چلانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے“۔انہوں نے مزید کہا”اس میں آب و ہوا کے خلاف مزاحمت کرنے والی جدید ٹکنالوجی شامل ہے، جس میں ہیٹنگ سسٹم بھی شامل ہے جو پانی اور بائیو ٹوائلٹ ٹینکوں کو منجمد ہونے سے روکتا ہے“۔
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ ایئر بریک سسٹم کو صفر سے کم درجہ حرارت میں بھی ہموار آپریشن کے لئے بہتر بنایا گیا ہے۔
افسر نے کہا”وندے بھارت ایکسپریس میں ونڈ شیڈ میں ہیٹنگ عناصر بھی شامل ہیں تاکہ ڈرائیور کے فرنٹ لک آو¿ٹ شیشے کو خود بخود ڈیفرسٹ کیا جا سکے، جس سے سخت سردی کے حالات میں واضح نظارت کو یقینی بنایا جا سکے، ان خصوصی تبدیلیوں کے علاوہ، ٹرین تمام معیاری وندے بھارت سہولیات پیش کرتی ہے، جیسے مکمل ایئر کنڈیشنڈ کوچ، آٹومیٹک پلگ ڈور، موبائل چارجنگ ساکٹ وغیرہ۔“