راجوری//
جموں کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پیر کے روز فائرنگ سے فوج کا ایک جوان شدید زخمی ہو گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ فوجی نوشہرہ سیکٹر کے کلال علاقے میں ایک فارورڈ پوسٹ پر تعینات تھا جب اسے گولی لگی اور اسے فوری طور پر فوجی اسپتال لے جایا گیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ فائر دوپہر ۲ بجکر ۴۰ منٹ پرایل او سی کے پار سے آئی تھی۔
اس سے قبل ۸فروری کو کیری سیکٹر میں ایل او سی کے پار ایک جنگل سے فوج کے گشتی دستے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی تھی، جو بظاہر اس طرف گھسنے کے موقع کا انتظار کر رہے تھے۔
بھارتی فوجیوں نے جوابی کارروائی میں چند راؤنڈ بھی فائر کیے تھے اور اس کے بعد علاقے میں کڑی نگرانی کے لیے انسداد دراندازی گرڈ کو مضبوط کیا گیا تھا۔
اس دوران جموں میں واقع وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے پیر کے روز جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ’دشمنانہ سرگرمیوں‘کا جائزہ لیا۔
فوج کے اعلیٰ افسر کا یہ دورہ اس وقت ہوا ہے جب دو دن قبل کیری سیکٹر میں ایل او سی کے پار جنگل میں چھپے مشتبہ دہشت گردوں نے فوج کی گشتی ٹیم پر فائرنگ کی تھی۔
فوج نے ایک پوسٹ میں کہا کہ جی او سی وائٹ نائٹ کور نے جی او سی ایس آف سپیڈس اور جی او سی کراسڈ سورڈز ڈویڑن کے ساتھ راجوری سیکٹر کے فارورڈ علاقوں کا دورہ کیا تاکہ موجودہ سیکورٹی صورتحال اور دشمنانہ سرگرمیوں کے بارے میں آپریشنل اپ ڈیٹ حاصل کی جاسکے۔
وائٹ نائٹ کور کی جانب سے اپنے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈر نے تمام رینکس کو ان کی چوکسی اور انتھک آپریشنل فوکس پر مبارکباد دی۔
فوجی کمانڈر نے ان پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رہیں۔
دریں اثناسیکورٹی فورسز نے پیر کے روز جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں تقریبا ًایک درجن مقامات کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ مشکوک نقل و حرکت کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد مینڈھر ، سورنکوٹ اور گرسائی علاقوں کے کچھ حصوں میں تلاشی مہم شروع کی گئی۔
مقامی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر نچلے چنان، سیر، ثنائی جنگل، سرن کوٹ میں چٹی بھاٹی اور فضل آباد، مینڈھر میں درائی جنگل اور ملحقہ علاقوں اور گرسائی میں کھوکھر محلہ، کنڈی اور گلہٹہ کا محاصرہ کیا۔
آخری اطلاعات ملنے تک سرچ آپریشن جاری تھا۔ (ایجنسیاں)