سرینگر//
جموںکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر میں پیر کے روزمختلف محکموں میں تعینات ملازمین کے احتجاج پروگرام کو پولیس نے ناکام بنا کر متعدد کی گرفتاری عمل میں لائی۔
اطلاعات کے مطابق ملازمین انجمنوں نے آج ڈیلی ویجروں کی مستقلی اور دیگر مانگوں کو لے کر سری نگر کی پریس کالونی میں احتجاج کرنے کا پروگرام بنایا تھا تاہم پولیس نے صبح سے ہی پریس کالونی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسزکی تعیناتی عمل میں لائی تھی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ پولیس عملے کی تعینات کے باوجود بھی ملازمین نے پریس کالونی اور شیخ باغ میں احتجا ج کرنے کی کوشش کی تاہم پہلے سے تعینات پولیس نے انہیں گرفتار کیا۔
گرفتاری سے قبل نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ملازمین نے کہاکہ احتجاج کرنا ان کا آئینی اور قانونی حق ہے تاہم آج ہمیں اس کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔
ملازمین نے کہاکہ موجودہ سرکار نے الیکشن منشور میں ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک یہ وعدہ وفا نہیں ہو سکا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو اپنا احتجاج کرنے کا حق ہے لیکن انتظامیہ نے سری نگر میں احتجاج کرنے کی بھی اجازت نہیں دی۔
ملازمین نے مزید بتایا کہ پریس کالونی سری نگر کو صبح سے ہی فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی ملازمین نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔