سرینگر/۱۵مارچ
شمالی ضلع بارہمولہ کے واگیلا علاقے میں کھدائی کے دوران زمین کھسکنے کی وجہ سے چار افراد زندہ دفن ہو گئے جنہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے دو کو مردہ قرار دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منگل کی شام کو بارہمولہ کے واگیلا علاقے میںمٹی نکالنے کے دوران چار افراد مٹی کے تودے کی زد میں آئے۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں اور پولیس کی فوری کارروائی کے نتیجے میں چاروں کو ملبے سے باہر نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے دو کو مردہ قرار دیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت علی محمد ملک ولد فاروق احمد ملک اور غلام محمد میر ولد علی محمد میر کے بطور ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہوئے دو کی حالت اگر چہ قدرے مستحکم ہے تاہم کامران پرویز نامی نوجوان کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر ضلع ہسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا ہے۔