سرینگر//
پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران۲منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن مٹن کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ فاروق احمد کمار ولد محمد سبحان کمار ساکن کھول چوہار مٹن منشیات فروشی میں ملوث ہے اور اس نے اپنے رہائشی مکان میں بھاری مقدار میں منشیات ذخیرہ کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن مٹن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اطلاع موصول ہونے پر اننت ناگ پولیس اور متعلقہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے مذکورہ مکان کی تلاشی لی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران مکان سے۱۰کلو چرس پائوڈر اور۲لاکھ۱۶ہزار۶سو۵۰روپے نقدی بر آمد کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد مکان مالک کو گرفتار جبکہ ممنوعہ مواد کو ضبط کیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن پہلگام کی ایک پارٹی نے لانگہ بل پہلگام میں ایک ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے۱۲۰گرام چرس بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدہ کی شناخت شاہ رخ احمد شیخ ولد محمد رمضان شیخ ساکن شیخ محلہ سلر کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پہلگام میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اننت ناگ پولیس معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کے لئے پر عزم ہے اور انہوں نے عوام سے اس ضمن میں بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔