جموں//
سی آرپی ایف کے ڈائریکٹر جنرل‘ جے پی سنگھ راجوری کے کئی دور دراز علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سی آر پی ایف چیف کو سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف نے راجوری کے کئی سرحدی علاقوں کا دورہ کرنے کے موقع پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سی آر پی ایف چیف نے کالا کوٹ اور تھنہ منڈی میں قائم سی آر پی ایف کیمپوں کا دورہ کیا اوروہاں پر انہیں مجموعی سیکورٹی صورتحال پر سینئر آفیسران نے بریف کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر تعینات فوجی جوانوں کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا جا سکے ۔
بتادیں کہ گزشتہ کئی دنوں سے ایل او سی پر مشکوک افراد کی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد پر فوج کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے ۔