سرینگر//
سی پی آئی ایم کے سیکریٹری یوسف تاریگامی نے جمعے کے روز کہا کہ قانون کے محافظ اگر قانون شکنی کی کسی بھی واردات میں ملوث ہوں تو انہیں بھی سزا ملنی چاہئے ۔
تاریگامی نے کہاکہ کولگام میں سابق فوجی جوان کی ہلاکت کے بعد اندھا دھند گرفتاریوں سے عوام میں خوف وہراس پیدا ہو ا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار ممبر اسمبلی نے کولگام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ۔
کمیونسٹ لیڈر نے کہا’’ آج میں یہاں بہی باغ کولگام، مرحوم سابق فوجی جوان کے گھر والوں سے تعزیت پرسی کے لئے آیا ہوں۔یہ واقع دردناک بھی ہے اور شرمناک بھی، تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ مجرموں کاپتہ لگاکر انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ‘‘۔
تاریگامی نے کہا ’’تحقیقات کرتے وقت اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ قانون کے تحت ہی کارروائی عمل میں لائی جائے ‘‘۔
ایم ایل اے نے مزید بتایا کہ اندھا دھند گرفتاریوں سے خوف وہراس کاماحول پیدا ہوا ہے لہذا اس سے اجتناب کی ضرورت ہے ۔ان کے مطابق بارہ مولہ میں اندھا دھند فائرنگ سے ایک عام شہری مارا گیا، کٹھوعہ میں بھی شہری کی پرا سرار موت واقع ہوئی اور ان دونوں واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئے ۔
سی پی آئی ایم کے سیکریٹری نے کہاکہ قانون کے محافظ اگر قانون شکنی کی کسی بھی واردات میں ملوث پائے گئے تو انہیں بھی سزا ملنی چاہئے ۔
تاریگامی نے کہاکہ موجودہ سرکار سے یہی اپیل ہے کہ یہاں پر امن ماحول قائم کیا جائے ، امن کے نام پر غیر ضروری تکلیف عوام کو پہنچنے اس سے مرض بڑھے گا اور امن و امان میں بھی خلل پڑنے کا امکان ہے ۔
دریں اثنا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کا جمعہ کے روز پارٹی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محترمہ محبوبہ مفتی کی صدارت میں یہاں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اہم تنظیمی اور سیاسی مسائل کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش چیلنجز پر خاص طور پر توجہ دی گئی۔
میٹنگ کے دوران ممبر شپ مہم شروع کرنے کا فیصلہ لیا گیا جو اس ماہ کی۱۳تاریخ کو جموں میں پی ڈی پی کے دفتر سے شروع ہوگی۔
پارٹی کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا’’اس اجلاس میں اہم تنظیمی اور سیاسی مسائل کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش چیلنجز پر بالخصوص سیکورٹی کے نام پر شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں اور گرفتاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ پارٹی صدر نے لیڈروں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی بنیاد کو وسعت دینے اور اس کی حمایت کو بڑھانے کے لیے رکنیت سازی مہم کو جموں و کشمیر کے کونے کونے تک لے جائیں۔
اجلاس میں جن لیڈروں نے شرکت کی ان میں پی ڈی پی نائب صدر محمد سرتاج مدنی، پارلیمانی بورڈ چیئرمین اے آر ویرے‘جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ عبد الحق خان،راجندر منہاس، ایم آر قریشیم ستپال سنگھ چرک، رکن اسمبلی کپوارہ میر محمد فیاض، سینئر لیڈر نعم اختر، آسیہ نقاش، ایڈیشنل جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ ناصر حسین، ایڈیشنل ترجمان رجت رندھاوا شامل ہیں۔