سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے ترجمان ‘نبی ڈار نے بہی باغ کولگام جاکرفوجی اہلکار کے گھر والوں سے تعزیت پُرسی کی اور مرحوم کے لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔
ڈار نے اس موقعے پر کہا کہ نیشنل کانفرنس اس قتل کی مذمت کرتی ہے اور اس کے خاندان کو مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر سوگواران کی ڈھارس بندھائی ،تعزیت پُرسی کی اور اظہارِ یکجہتی کیا۔
این سی ترجمان نے کہا’’یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے ، اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ نیشنل کانفرنس اس طرح کے تشدد کے خلاف کھڑی ہے ۔ہمیں امید تھی کہ ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے لیکن بدقسمتی سے ایسا ہوا ہے‘‘ ۔
ڈار کے مطابق میں سیکورٹی اداروں سے درخواست کرتا ہوں کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کریں۔ حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کو منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنانا چاہیے ۔
حملے کے بعد گرفتاریوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد سے کریک ڈاون جاری ہے ، جس میں ۵۰۰کے قریب نوجوانوں کو پکڑے جانے کی اطلاعات ہیں۔’’ہم تحقیقات میں مداخلت نہیں کریں گے ، لیکن ہم پولیس پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کسی بے گناہ کو حراست میں نہ لیا جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات منصفانہ اور شفاف ہونی چاہئیں‘‘۔
حکمران جماعت کے ترجمان نے غمزدہ خاندان کو یقین دلایا کہ نیشنل کانفرنس ہر ممکن تعاون کرے گی۔