جموں//
نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو امید ہے کہ دلی ان کے ساتھ انصاف کرے گی۔
چودھری نے کہا’’یہاں جو دس برسوں کے وقفہ آیا اس دوران بچے بے روزگار ہوئے اور ترقی رک گئی‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے سال۲۰۲۵۔۲۰۲۶کے عام بجٹ کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا’’جموں کشمیر کے تمام لوگوں چاہئے وہ بچے ہیں یا بزرگ ہیں، کو امید ہے کہ دلی ان کے ساتھ انصاف کرے گی‘‘۔
چودھری کا کہنا تھا’’یہاں جو دس برسوں کے وقفہ آیا اس دوران بچے بے روزگار ہوئے اور ترقی رک گئی، ہم امید کرتے ہیں کہ بچوں کے روزگار کیلئے کچھ نہ کچھ اعلان کیا جائے گا‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا’’آج ہم یونین ٹریٹری ہیں اگر ریاست ہوتے تو ہم یہ سوال دلی سے نہیں کرتے ‘‘۔انہوں نے کہا’’ہمیں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر پورا بھروسہ ہے وہ ہمارے بھروسے کو ٹوٹنے نہیں دیں گے ‘‘۔
چودھری کا کہنا تھا’’یہاں بے روزگاری، عارضی ملازموں کا بڑا مسئلہ ہے ، پانی، بجلی، تعلیم ، صحت عامہ کا مسئلہ ہے ، ہم یہ باتیں اس لئے کرتے ہیں کیونکہ ہم یونین ٹریٹری ہے ، ہمیں ریاستی درجہ واپس دے دیجئے ہم یہاں خود سنبھالیں گے ۔‘‘