نئی دہلی//کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مہا کمبھ میں بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ اس طرح کے حالات پیدانہ ہوں اس کے لئے وی آئی پی کلچر کو روکنے کی سخت ضرورت ہے ۔
مسٹرکھڑگے نے کہا، ‘‘مہا کمبھ کے دوران تیرتھراج سنگم کے کنارے بھگدڑ سے کئی لوگوں کی جانیں گئی ہیں اور بہت سے لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی دل دہلا دینے والی ہے ۔ عقیدت مندوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہماری گہری تعزیت اور ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ ‘‘نامکمل انتظامات، وی آئی پی موومنٹ، انتظامات سے زیادہ خودکی تشہیر پر توجہ دینا اور بد انتظامی اس کے لئے ذمہ دار ہے ۔ ہزاروں کروڑ روپے خرچ کرنے کے باوجود ایسا نظام ہونا قابل مذمت ہے ۔ ابھی کئی اہم شاہی اسنان باقی ہیں، اس لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو اب بیدار ہونا چاہیے اور انتظامات کو بہتر کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات رونما نہ ہوں۔ عقیدت مندوں کی رہائش، خوراک، ابتدائی طبی امداد اور نقل و حرکت کے انتظامات کو وسعت دی جائے اور وی آئی پی موومنٹ کو روکا جائے ۔ ہمارے سادھو سنت بھی یہی چاہتے ہیں۔’’
بھگدڑ کے شکار لوگوں کی مدد کے لیے مسٹر کھڑگے نے کانگریس کارکنوں سے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔
مسٹر گاندھی نے کہا، "پریاگ راج مہاکمبھ میں بھگدڑ کی وجہ سے کئی لوگوں کے ہلاک اور کئی کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے ۔ میں سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید کرتا ہوں۔ بدانتظامی اورعام عقیدت مندوں کی جگہ وی آئی پی موومنٹ پر انتظامیہ کی خصوصی توجہ اس افسوس ناک واقعہ کے لئے ذمہ دار ہے ۔
انہوں نے کہا، ‘‘مہا کمبھ میں ابھی کافی وقت باقی ہے ، کئی اور مہا اسنان باقی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ نظام کو بہتر کرے تاکہ آج جیسا افسوسناک واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔ وی آئی پی کلچر کو روکا جائے اور حکومت عام عقیدت مندوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بہتر انتظامات کرے ۔ میں کانگریس کارکنوں اور رہنماؤں سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔