نئی دہلی//یونائٹیڈ ہندو فرنٹ نے اتراکھنڈ میں یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) کے نفاذ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کی دیگر ریاستوں میں جلد نافذ کرنے کی اپیل کی ہے ۔
فرنٹ کے بین الاقوامی ورکنگ صدر جئے بھگوان گوئل نے آج یہاں کہا کہ اتراکھنڈ یو سی سی کو نافذ کرنے والی آزاد ہندوستان کی پہلی ریاست بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں، جو ملک کو آئین کے تحت چلانے کا مطالبہ کرتی ہیں، متفقہ طور پر یو سی سی کی حمایت کریں اور پورے ملک میں اس کے نفاذ کی وکالت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک آئین سے چلے گا نہ کہ شریعت سے ، اس کے لیے پورے ملک میں یو سی سی ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے 100 کروڑ سے زیادہ ہندو طویل عرصے سے ملک میں یو سی سی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مسٹر گوئل نے کہا کہ گوا واحد ریاست ہے جہاں 1867 سے یکساں سیول کوڈ نافذ ہے ۔ گوا میں یو سی سی کے دور میں کبھی کوئی فرقہ وارانہ فساد یا ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا ہے ۔ یکساں سیول کوڈ امریکہ، آئرلینڈ، پاکستان، بنگلہ دیش، ملیشیا، نیپال، ترکی، انڈونیشیا، سوڈان، اسرائیل، جاپان، فرانس، سعودی عرب، مصر، ملیشیا، نائیجیریا اور روس جیسے کئی ممالک میں نافذ ہے ۔