واشنگٹن// امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان سے امریکی ساخت کے سیکورٹی آلات کی خریداری میں اضافہ کرنے اور منصفانہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کی طرف بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔
مسٹر ٹرمپ نے کل رات وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ فون پر بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔
امریکی صدارتی دفتر ‘وہائٹ ہاؤس’ سے جاری ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مسٹر مودی کے وہائٹ ہاؤس کے دورے کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے "آج صدر ڈونالڈ جے ۔ ٹرمپ نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ نتیجہ خیز گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے تعاون کو وسیع کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کئی علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں ہند-بحرالکاہل، مغربی ایشیا اور یوروپ میں سلامتی کا مسئلہ شامل ہے ۔ "صدر نے ہندوستان کی طرف سے امریکی ساختہ سیکورٹی آلات کی خریداری کو بڑھانے اور منصفانہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کی طرف بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا۔”
انہوں نے کہا ” دونوں رہنماؤں نے ہمارے ملکوں کے درمیان دوستی اور اسٹریٹیجک تعلقات کی طاقت کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی کے وہائٹ ہاؤس کے دور کے منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا۔ "دونوں رہنماؤں نے امریکہ- ہندوستان اسٹریٹجک پارٹنرشپ اور ہند-بحرالکاہل کواڈ پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عہد پر زور دیا۔ اس سال کے آخر میں ہندوستان پہلی بار کواڈ رہنماؤں کی میزبانی کرے گا ۔”
مسٹر مودی نے کل رات ‘ ایکس ‘ پر ایک پوسٹ میں کہا ‘‘اپنے پیارے دوست صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ بات کرکے خوشی ہوئی۔ انہیں امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر ان کی تاریخی دوسری میعاد کے لئے انہیں مبارکباد دی۔ ہم ایک باہمی فائدہ مند اور قابل اعتماد ساجھیداری کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود اور عالمی امن، خوشحالی اور سلامتی کے لیے مل کر کام کریں گے ۔’’
ہندوستان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "وزیر اعظم مودی نے آج امریکی صدر ڈونالڈ جے ۔ ٹرمپ سے بات کی اور انہیں ریاستہائے متحدہ کے 47 ویں صدر کے طور پر ان کی تاریخی دوسری مدت صدارت پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی فائدہ مند اور قابل اعتماد ساجھیداری کے عزم کا اعادہ کیا۔ "انہوں نے جامع دوطرفہ عالمی اسٹریٹیجک اشتراک کے مختلف پہلوؤں اور ٹیکنالوجی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع کے شعبوں سمیت اسے آگے بڑھانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔”
بیان میں کہا گیا ہے کہ "دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا اور یوکرین کی صورتحال سمیت عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور عالمی امن، خوشحالی اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔” دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور باہمی طور پر مناسب تاریخ پر جلد ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔