تو صاحب اپنے صاحب …وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ صاحب نے کہا ہے ‘ فرمایا ہے کہ وقف قوانین میں ترمیم اور یونیفارم سول کوڈ(یو سی سی) کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ ملک کی پارلیمنٹ لے گی… یقینا ایسا ہی ہو گا… اور ایسا ہی ہونا چاہئے بھی ۔ لیکن… لیکن اس میں ایک مسئلہ ہے اور… اور مسئلہ یہ ہے کہ پارلیمنٹ میں بی جے پی کی اکثریت ہے … پارلیمنٹ میں اس کا ہی سکہ چلتا ہے‘ کئی برسوں سے چلتا آرہاہے اور… اور بی جے پی کئی برسوں سے پارلیمنٹ کے ذریعے اپنے نظر یاتی کاموں کو عملی جامہ پہنا نے میں لگی ہو ئی ہے… یہ کوئی چغلی نہیں ہے ‘ کوئی الزام یا شکوہ بھی نہیں ہے بلکہ خود وزیر داخلہ ‘ امیت شاہ صاحب کہہ رہے ہیں کہ گزشتہ دس برسوں میں بی جے پی نے اپنے نظریاتی کام تقریباً مکمل کئے ہیں … اور اس نے یہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی مکمل کئے ہیں … جس طرح جس شکل و صورت میں چاہا مکمل کئے ۔ وزیر اعلیٰ صاحب ‘ وقف کی بات کررہے ہیں ‘ یو سی سی کا تذکرہ کررہے ہیں تو… تو کوئی انہیں بتائیے ‘ انہیں باخبر کریں کہ ان دو اشوز میں بھی وہی ہو گا جو بی جے پی چاہے گی کہ… کہ پارلیمنٹ میں اکثریت اسی کی ہے… کسی اور کی نہیں ۔وقف اشو پر پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی(جے پی سی) کا ہم نے حال بے حال دیکھ لیا … امید ہے کہ وزیر اعلیٰ صاحب بھی اس سے باخبر ہوں گے ہی کہ… کہ کس طرح کمیٹی نے اپوزیشن جماعتوں کے سبھی اعتراضا ت اور تجاویز کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا اور… اور ان سبھی ۱۴ تجاویز کو قبول کیا جو حکمراںاتحاد نے کمیٹی کے سامنے رکھی تھیں… یہ ایک طے شدہ ماڈل ہے… کل کو یو سی سی کے بارے میں بھی اس کو دہرایا جائیگا… اپوزیشن پارلیمنٹ میں دکھاوے کا شور شرابہ کرے گی… جواب میں حکومت یو سی سی بل کو جے پی سی کے سپرد کرے گا… وہاں بھی اپوزیشن اپنی تجاویز پیش کریگی … اس الزام کے ساتھ کہ اس کی ایک نہیں سنی گئی… اس کی سبھی تجاویز کو مسترد کیا جائیگا اور… اورحکمراں اتحاد من چاہے انداز میں آگے بڑھے گا اور… اور وقف اور یو سی سی اشوز سے نمٹ لے گا… حکومت وقف کو اپنے کنٹرول میں لائیگی اور… اور یو سی سی کو پورے ملک میں نافذ کرے گی اور… اور پھر شاہ صاحب دہرائیں گے … اس بات کو دہرائیں گے کہ بی جے پی نے گزشتہ دس برسوں میں اپنے نظر یاتی کام مکمل کئے ہیں اور… اور وزیر اعلیٰ صاحب !اس لئے مکمل کئے کیوں کہ اسے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہے… پارلیمنٹ میں اس کا سکہ چلتا ہے ‘ کسی اور کا نہیں ‘ بالکل بھی نہیں ۔ ہے نا؟