جموں//
جموں کشمیر حکومت نے اپنے ملازمین اور پنشنرز کیلئے مہنگائی الاؤنس (ڈی اے) کو بڑھا کر ۵۳ فیصد کردیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی ۲۰۲۴ سے ہوگا۔
جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ایک حکم کے مطابق ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کے تحت کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو اب ان کی بنیادی تنخواہ کے ۵۳ فیصد پر ڈی اے ملے گا۔
نظر ثانی شدہ تنخواہ کے ڈھانچے میں ’بنیادی تنخواہ‘کی اصطلاح سے مراد ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کے مطابق پے میٹرکس میں مقررہ سطح پر کھینچی گئی تنخواہ ہے، جس میں خصوصی تنخواہ اور دیگر الاؤنس شامل نہیں ہیں۔
جولائی ۲۰۲۴سے دسمبر۲۰۲۴تک اضافی ڈی اے قسط کے بقایا جات فروری۲۰۲۵ میں ادا کیے جائیں گے اور نظر ثانی شدہ شرحیں جنوری۲۰۲۵ سے ماہانہ تنخواہ کا حصہ ہوں گی۔
اسی طرح محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ایک اور حکم نامے کے مطابق پنشنرز اور فیملی پنشنرز کے لیے ڈی اے کو ان کی بنیادی پنشن یا بنیادی فیملی پنشن کا ۵۳ فیصد کردیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسی مدت کیلئے پنشنرز اور فیملی پنشنرز کے بقایا جات بھی فروری ۲۰۲۵میں تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ نظر ثانی شدہ شرحیں جنوری ۲۰۲۵ے پنشن اور فیملی پنشن میں ظاہر ہوں گی۔