جموں//
راجوری کے بدھل گاؤں میں۱۷پراسرار اموات کے پیچھے ممکنہ طور پر آرگینو فاسفورس زہر کا ہاتھ ہے۔
ایک اعلیٰ ڈاکٹر نے بتایا کہ انہوں نے اسپتال میں داخل مریضوں کو اینٹی ڈوٹ یعنی ایٹروپین انجکشن لگایا ہے اور اس نے اچھی طرح سے کام کیا ہے۔
ایٹروپائن انجکشن کا استعمال آرگینوفاسفورس اعصابی ایجنٹوں کی وجہ سے ہونے والے زہر کے علاج کے لئے کیا جاتا ہے ، بشمول آرگینوفاسفورس یا کاربامیٹ کیڑے مار ادویات۔
ڈاکٹر نے کہا کہ اعلیٰ لیبارٹریوں سے باضابطہ رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ان کاکہنا تھا’’ہم نے ہٹ اینڈ ٹریل طریقہ استعمال کیا ہے، اس نے اچھی طرح سے کام کیا۔ ہم نے دل کی دھڑکن بڑھانے کے لیے دیگر مقاصد کے لیے دو مریضوں کو ایٹروپین دی، وہ زندہ بچ گئے اور صحت یاب ہو رہے ہیں‘‘۔
ڈاکٹر نے مزید کہا کہ چونکہ ایٹروپین نے مثبت نتائج دکھائے ہیں لہذا امکان ہے کہ راجوری گاؤں میں اموات کی لہر کے پیچھے آرگینو فاسفورس یا متعلقہ نمکیات ہوسکتے ہیں۔
تاہم ڈاکٹر نے کہا کہ سرکاری رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں اور اس مرحلے پر یہ نتیجہ اخذ کرنا غلط ہوگا کہ ان اموات کے پیچھے آرگینو فاسفورس کا ہاتھ ہے۔
گزشتہ دو ماہ کے دوران بدھال گاؤں میں ’پراسرار‘بیماری کی وجہ سے۱۴بچوں سمیت کم از کم ۱۷ لوگوں کی موت ہو چکی ہے‘جبکہ کئی کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔