سرینگر//
وادی کشمیر میں موسم خشک ہے اور دن کے دوران اچھی خاصی دھوپ کھلی رہتی ہے تاہم ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کا راج برابر قائم ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں۲۹جنوری کے بعد بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں۲سے۴ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ متوقع ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ۲۹جنوری کی شام تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں۲۹جنوری کی شام سے۳۰ جنوری کی صبح تک کہیں کہیں تازہ ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں اور اس کے بعد۳۱جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یکم اور ۲فروری کو بھی کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۳فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۴؍اور۵ فروری کو بھی موسم کی یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے ۔
ادھر مطلع صاف رہنے سے وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی کم ریکارڈ ہو رہا ہے ۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۶ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرینگر میں۲۱دسمبر کو شبانہ درجہ حرارت منفی۵ء۸ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ ۱۳۳برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے ۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۸ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زوجیلا پر شبانہ درجہ حرارت منفی۰ء۲۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۲ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۶ء۳ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۷ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۴ء۵ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۶ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی۱ء۶ڈگری سینٹی گریڈ، منفی۷ء۳ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۱ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۷ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۱۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔ دراس میں شبانہ درجہ حرارت منفی۵ء۲۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
دریں اثنا وادی میں اتوار کو بھی صبح سے ہی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو پارکوں، صحنوں وغیرہ میں بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔