سرینگر//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے وندے بھارت ٹرین کے کٹرا سے بڈگام تک ٹرائل رن کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا اور اس کیلئے انڈین ریلوے کے حکام اور زمیںی سطح پر کام کرنے والی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔
بتادیں کہ انڈین ریلوے نے ہفتے کے روز شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا ریلوے اسٹیشن سے سرینگر کے نوگام ریلوے اسٹیشن تک پہلی وندے بھارت ٹرین کا کامیاب ٹرائل رن انجام دیا۔
یہ ٹرین ہندوستان کے پہلے کیبل اسٹیڈ ریلوے پل اور دریائے چناب پر تعمیر ہوئے دنیا کے سب سے اونچے پل سے گذرے گی۔
منوج سنہا نے اس کامیاب ٹرائل رن کے متعلق ہفتے کو’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’شری ماتا ویشنو دیوی ریلوے اسٹیشن کٹرہ سے بڈگام تک وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا ٹرائل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے ، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے اور ایک خواب پورا ہوا ہے ‘۔انہوں نے پوسٹ میں مزید کہا’’میں انڈین ریلوے کے حکام اور زمیںی سطح پر کام کرنے والی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ یہ وندے بھارت ٹرین دہلی سے سری نگر تک کے۸سو کلومیٹر فاصلے کو صرف۱۳گھنٹوں میں طے کرے گی۔
ٹرین شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ سے سری نگر کے درمیان۱۹۰کلو میٹر کے فاصلے کو ۳گھنٹوں میں طے کرے گی اور اس دوران یہ ٹرین بعض اہم اسٹیشنوں پر رکے گی۔
ریلوے نے۲۷۲کلو میٹروں پر محیط اودھم پور، سرینگر، بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کو مکمل کیا ہے ۔