سرینگر/23 جنوری
وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تجارت کی بحالی پر پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔
جئے شنکر نے یہاں ایک نیوز کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ سال کے بعد پاکستان کے ساتھ تجارت پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی ان کی طرف سے کوئی پہل کی گئی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ تجارت کبھی نہیں روکی اور اس سلسلے میں فیصلہ حکومت پاکستان نے 2019 میں کیا تھا۔
جئے شنکر نے کہا کہ شروع سے ہی ہماری دلچسپی یہ تھی کہ ہندوستان کو سب سے پسندیدہ ملک کا درجہ ملنا چاہئے۔” ہم پاکستان کو ایم ایف این کا درجہ دیا کرتے تھے۔ لیکن انہوں نے ہمیں وہی درجہ نہیں دیا“۔
عمران خان کی سربراہی میں اس وقت کی پاکستانی حکومت نے اگست 2019 میں بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے جواب میں تمام دو طرفہ تجارت معطل کردی تھی۔
اسلام آباد نے نئی دہلی کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو بھی کم کر دیا تھا۔